مزید پانچ ہزار صیہونی مکانات تعمیر ہوں گے: نتن یاہو
یہونی وزیر اعظم نتن یاہو نے غرب اردن میں مزید پانچ ہزار صیہونی مکانات کی تعمیر کا فیصلہ کر لیا ہے۔
صیہونی حکومت کے ٹی وی چینل سات نے خبر دی ہے کہ وزیر اعظم نتن یاہو نے غرب اردن میں پانچ ہزار مزید صیہونی مکانات کی تعمیر کے لئے شہری ترقیاتی منصوبہ بندی کی اعلی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے۔
غرب اردن میں اسرائیلی وزیر اعظم کے ذریعے صیہونی کالونیوں کی تعمیر کا اعلان ایسے وقت میں کیا گیا ہے کہ جب متحدہ عرب امارات نے صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کو برقرار کرنے کے سمجھوتے پر دستخط کرنے کے بعد دعوی کیا تھا کہ غرب اردن کے علاقوں کو ہتھیانے کے صیہونی منصوبے کو روکنا، اس سمجھوتے کا حصہ ہے اور تل ابیب نے وعدہ کیا ہے کہ وہ اس منصوبے پر عمل درآمد کو روک دے گا، تاہم صیہونی حکام منجملہ نتن یاہو نے اس دعوے کو بہت جلد ہی جھوٹا ثابت کر دیا۔
صیہونی حکومت نے صیہونی کالونیوں کی تعمیر کے سلسلے میں عالمی برادری کے مطالبے کی ہمیشہ ہی مخالفت کی ہے اور صیہونی کالونیوں کی تعمیر کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے ۔
صیہونی حکومت کو صیہونی کالونیوں کی تعمیر کے لئے امریکہ کی مکمل حمایت حاصل ہے جبکہ بین الاقوامی قوانین اور عالمی ضابطوں کے مطابق تمام صیہونی کالونیاں غیر قانونی ہیں۔