افغانستان میں بم دھماکے،چار خواتین سمیت نو جاں بحق
Oct ۲۴, ۲۰۲۰ ۱۹:۱۵ Asia/Tehran
افغانستان کے صوبے غزنی کے گورنر ہاؤس نے اعلان کیا ہے کہ سڑک کے کنارے نصب ایک بم کے دھماکے میں نو عام شہری مارے گئے۔
افغانستان کے صوبے غزنی کے گورنر ہاؤس کے ترجمان وحید اللہ جمعہ زادہ نے کہا ہے کہ روضہ کے علاقے میں سڑک کے کنارے نصب بم کا دھماکہ ہوا جس میں نو افراد جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے۔
ہفتے کےروز ہونے والے اس بم دھماکے کے فورا بعد سیکورٹی اہلکار جائے حادثہ پہنچ گئے تاکہ لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا سکے، اچانک اسی وقت ایک اور دھماکہ ہو گیا جس میں ایک سیکورٹی اہلکار جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے۔
پہلے بم دھماکے میں مرنے والوں میں چار خواتین شامل ہیں۔
واضح رہے کہ غزنی افغانستان کا ایک بد امن صوبہ ہے اور اس صوبے کے مختلف علاقوں میں اب تک سیکڑوں افراد طالبان کے حملوں کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں۔