وحدت کا سورج طلوع، ہفتہ وحدت تمام مسلمانوں کو مبارک ہو
حضرت رسالتمآب صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے ایام ولادت اور ہفتہ وحدت ایک بہترین موقع ہے جس میں عالم اسلام اپنے اتحاد و بھائی چارے کا بخوبی مظاہرہ کر سکتا ہے خاص طور پر اس دور میں کہ جب اسلام اور رسول اسلام (ص) کے خلاف سازشیں عروج پر ہیں، عالم اسلام میں اتحاد و وحدت کی ضرورت اور زیادہ محسوس ہونے لگتی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران میں آج بروز جمعرات 12 ربیع الاول ہے جبکہ پاکستان اور ہندوستان میں کل بروز جمعہ 12 ربیع الاول ہے۔ ایران سمیت پوری دنیا میں 12 سے 17 ربیع الاول کے ایام کو ہفتہ وحدت کے طور پر منایا جاتا ہے۔ جشن عید میلاد النبی (ص) اور ہفتہ وحدت انتہائی شان و شوکت کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
بارہ ربیع الاول کی مبارک تاریخ کی مناسبت سے ایران کے مختلف علاقوں میں اہل سنت کے ساتھ ساتھ شیعہ حضرات اور علمائے کرام، عید میلاد النبی کے جشن میں شریک ہیں اور نبی کریم حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت پاک پر ثابت قدم رہنے کا عہد کر رہے ہیں ۔
اہل سنت راویوں اور علما کے مطابق 12 ربیع الاول پیغمبراسلام کی ولادت باسعادت کی تاریخ ہے جبکہ شیعہ راویوں اور علما کے مطابق آنحضرت (ص) کی ولادت باسعادت کی تاریخ 17 ربیع الاول ہے۔
اسی مناسبت سے بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) نے 12 سے17 ربیع الاول تک کے دورانیہ کو ہفتہ وحدت کا عنوان دیا تھا اور اس کے بعد سے ہر سال ایران اور پوری دنیا میں ان ایام میں ہفتہ وحدت منایا جاتا ہے-
واضح رہے کہ اس سال ہم ہفتہ وحدت ایسے میں منا رہے ہیں کہ جب کورونا وائرس پوری دنیا میں پھیل چکا ہے ۔ اسی کے ساتھ ساتھ اسلام اور رسول اسلام (ص) کے خلاف سازشیں بھی عروج پر ہیں اور فرانس کے صدر نے ایسے شخص کو ہیرو قرار دیا ہے جس نے حضرت محمد مصطفی(ص) کی اہانت کی اور اس اہانت پر عالم اسلام سراپا احتجاج ہے۔
سحر عالمی نیٹ ورک جشن عید میلاد النبی (ص) اور ہفتہ وحدت کے پر مسرت موقع پر اپنے تمام ناظرین، سامعین اور کرم فرماوں کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہے۔