Nov ۲۲, ۲۰۲۰ ۱۹:۳۷ Asia/Tehran
  • افغانستان میں بد امنی میں شدت آئی، ایک دن میں کئی دھماکے

افغانستان کے شہروں کابل اور ہرات میں ہونے والے بم دھماکوں میں کم از کم سات افراد جاں بحق و زخمی ہو گئے۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق کابل پولیس نے اعلان کیا ہے کہ ایک مقناطیسی بم کا دھماکہ کابل کے شمال میں واقع خیرخانہ میں ہوا جس میں ایک عام شہری زخمی ہو گیا۔

چشم دید گواہوں کا کہنا ہے کہ اس بم دھماکے میں چار افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اسی طرح اتوار کی صبح کابل ایئرپورٹ جانے والے راستے میں ایک فوجی گاڑی مقناطیسی بم دھماکے کا نشانہ بنی جس کی تفصیلات موصول نہیں ہو سکی ہیں۔

ہفتے کی شب بھی ہرات - اسلام قلعہ روڈ پر بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک گاڑی تباہ ہو گئی تھی۔ ہرات پولیس کے ترجمان عبد الاحد ولی زادہ کا کہنا ہے کہ اس دھماکے میں تین افراد جاں بحق اور تین زخمی ہوئے ہیں۔

ہفتے کے روز کابل، تئیس راکٹوں اور تین مقناطیسی بم دھماکوں کا نشانہ بنا تھا جن میں مجموعی طور پر نو افراد جاں بحق اور چونتیس زخمی ہو گئے تھے۔

ٹیگس