Nov ۲۷, ۲۰۲۰ ۱۹:۲۵ Asia/Tehran
  • بدگمانیوں کے ازالے کے مقصد سے مشترکہ تعاون کو تیار ہیں: ایران

اسلام آباد میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر نے علاقے سے کشیدگی دور کرنے کے لئے پاکستانی حکومت کی ثالثی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ تہران بدگمانی دور کرنے کی غرض سے مشترکہ کوشش کے لئے تیار ہے۔

اسلام آباد میں ایران کے سفیر سید محمد حسینی نے پاکستان کے ٹی وی چینل چوبیس کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ایران نے تہران اور ریاض کے درمیان کشیدگی دور کرنے میں مدد کے لئے اسلام آباد کی ثالثی کی پہل کو قبول کیا ہے اور پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کی علاقائی کوششوں کو سراہتا ہے۔

سید محمد حسینی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران بدگمانیوں کو دور کرنے کے لئے مناسب طریقۂ کار کی تلاش میں ہے اور ایران کے صدر  کا ’ہرمز امن منصوبہ‘ اسی غرض سے خلیج فارس کے ممالک کے سامنے پیش کیا گیا ہے۔

 اسلام آباد میں ایران کے سفیر نے یاد دہانی کرائی کہ بعض ممالک پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات کا فروغ نہیں دیکھنا چاہتے اور اسی وجہ سے دہشتگرد اور علیحدگی پسند گروہوں کی حمایت و مدد کرتے ہیں جو تہران اور اسلام آباد دونوں کے لئے خطرہ ہیں۔

 سید محمد حسینی نے کہا کہ دونوں ملکوں کے رہنماؤں کی کوششوں سے ایران و پاکستان کے درمیان تعاون و تعلقات کے فروغ کی راہوں میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان مشترکہ اقتصادی و تجارتی کمیشن کا اکیسواں اجلاس جلد ہی منعقد ہوگا۔

ٹیگس