Dec ۱۳, ۲۰۲۰ ۰۰:۰۶ Asia/Tehran
  • تل ابیب کے ساتھ مراکش کے تعلقات کی بحالی پر الجزائر کا دو ٹوک موقف

الجزائر کے وزیراعظم نے مراکش اسرائیل تعلقات کو الجزائر کے خطرات سے تعبیر کیا ہے۔

صیہونی حکومت ہماری سرحدوں تک پہنچ گئی ہے، ہمیں متحد ہوجانا چاہیے، الجزائرکے وزیر اعظم عبدالعزیز جراد نے تل ابیب کے ساتھ مراکش کے تعلقات کو معمول پر لائے جانے پر ردعمل دکھاتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہمیں خطرات کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہوجانا چاہیے۔

رباط اور تل ابیب کے درمیان تعلقات کی بحالی پر الجزائر کی جانب سے اپنے پہلے سرکاری موقف میں وزیراعظم عبدالعزیز جراد نے کہا کہ جب ہم اپنے عوام سے کہتے ہیں کہ ہمارے ملک کے استحکام کو نشانہ بنانے کے لئے بیرونی خطرہ موجود ہے، تو وہ خطرہ یہی ہے، یہ اسی خطرے کی علامت ہے، انہوں نے کہا کہ آج ہم اپنی سرحدوں پر عدم استحکام ، الجزائر کے اطراف میں ، افریقہ اور مراکش میں اور جنگ کا مشاہدہ کررہے ہيں ۔ اس وقت ہماری سرحدوں پر پہنچنے کے لئے صیہونی حکومت کے عزائم اور خواہش موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ بعض عرب ملکوں کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی بحالی کا اقدام عجلت میں انجام پایا ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت الجزائر کبھی بھی ان ملکوں کو اس اقدام پر مبارکباد پیش نہيں کرے گی۔ عبدالعزیز جراد نے دو ٹوک لفظوں میں کہا کہ الجزائر ہرگز صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے والے ملکوں کے جتھے میں شامل نہيں ہوگا۔

اس سے قبل الجزائرکے صدر عبدالمجید تبون بھی کہہ چکے ہيں کہ فلسطینی کاز ہمارے لئے مقدس ہے۔ انہوں نے 1967 کی مقبوضہ سرزمین پر قدس شریف کے دارالحکومت کے ساتھ ایک آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام پر زوردیا۔

   

 

ٹیگس