تل ابیب جانے سے انکار پر نوکری سے چھٹی
تیونسی پائیلٹ نے اپنی جاب کو داؤ پرلگا کر اسرائیل کے لئے اڑان بھرنے سے انکار کر دیا۔
میڈيا رپورٹوں کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ہوائی کمپنی امارات ائر کے لئے کام کرنے والے ایک تیونسی پائیلٹ کے تل ابیب کے لئے ٹیک آف کرنے سے انکار کے بعد اُسے ملازمت سے معطل کردیا گيا ہے۔
" الشارع المغربی " نیوز کے مطابق اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ تل ابیب جانے سے انکار کرنے والے امارات ائر کے پائلٹ کو معطل کئے جانے کے بعد اسے حکم عدولی کا نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔
مذکورہ پائیلٹ کا کہنا ہے کہ وہ ضابطہ کی خلاف ورزی کی تحقیق کرنے والی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کے لئے تیار ہے۔
خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات اور بحرین نے گزشتہ سال ستمبر کے وسط میں خودساختہ اسرائيلی حکومت کے ساتھ تعلقات بحال کرلئے تھے، جس کے بعد سوڈان اور مراکش نے بھی غاصب اسرائیلی حکومت کے ساتھ سفارتی تعلقات کو معمول لانے کا اعلان کیا تھا اور اس کے بعد سے ان ممالک نے غاصب صیہونی ٹولے اسرائیل کے ساتھ باضابطہ اور علانیہ طور پر دو طرفہ تعلقات کو معمول پر لانا شروع کر دیا ہے تاہم متحدہ عرب امارات اس کام کو دوسروں کی بنسبت خاص جوش و ولولے کے ساتھ انجام دے رہا ہے۔