عراق میں داعشی عناصر کے خلاف الحشد الشعبی کی کاروائی
عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی نے نینوا میں داعش دہشت گرد گروہ کے باقی بچے عناصر کے خلاف نئی کاروائی انجام دی ہے۔
بغداد الیوم کی رپورٹ کے مطابق شمالی عراق میں دشت نینوا کے علاقے میں الحشد الشعبی کی یہ کاروائی داعش دہشت گرد گروہ کے باقیماندہ عناصر کے ممکنہ حملوں کی روک تھام کی غرض سے انجام پائی ہے۔
عراق کے صوبے نینوا میں بدر تنظیم کے ایک عہدیدار ابو زینب الطائی نے کہا ہے کہ عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے جوانوں کی تعیناتی اور عراقی شہریوں اور سیکورٹی اہلکاروں کے ساتھ ان کے تعاون کی بدولت اس صوبے کی سیکورٹی کی صورت حال اطمینان بخش ہے۔
دریں اثنا عراقی فوجی اہلکاروں نے شمالی صوبے کرکوک میں ایک کاروائی کرتے ہوئے دہشت گرد عناصر کے ٹھکانوں کو تباہ اور کئی دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا جبکہ بھاری مقدار میں ان کا اسلحہ اور گولہ بارود بھی ضبط کر لیا۔
واضح رہے کہ نومبر دو ہزار سترہ میں عراق میں داعش دہشت گرد گروہ کی باضابطہ شکست کے اعلان کے باوجود اس گروہ کے کچھ عناصر، عراق کے بعض علاقوں میں روپوش ہیں جو موقع ملنے پر دہشت گردانہ حملہ کر کے عراقی عوام میں خوف و ہراس پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔