Feb ۱۳, ۲۰۲۱ ۱۶:۲۲ Asia/Tehran
  •  بحرینی عوام کی انقلابی تحریک کی سالگرہ، پورے ملک میں مظاہرے

چودہ فروری دوہزار گیارہ سے شروع ہونے والی بحرینی عوام کی انقلابی تحریک کو دس سال پورے ہونے والے ہیں ، اس مناسبت سے بحرینی عوام نے ملک کے مختلف علاقوں میں پر زور مظاہرے کئے ہیں۔

بحرین کی جمعیت الوفاق نے سنیچر کو اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر بحرینی عوام کے مظاہروں کی تصاویر شائع کیں اور لکھا کہ مظاہرین اپنے ہاتھوں میں ایسے پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے جن پر شہیدوں کے اہل خاندان سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا تھا اور حکومت کے ہاتھوں انجام دیے جانے والے مظالم اور سرکوبی کی کارروائیوں کی مذمت کی گئی تھی۔

 بحرین کے چودہ فروری اتحاد نے بحرین کے عوامی انقلاب کی دسویں سالگرہ کی آمد کی مناسبت سے جاری ہونے والے بیان میں منامہ پرمسلط خاندانی ڈکٹیٹر حکومت کو اکھاڑ پھینکنے اور ملک کے سیاسی نظام میں بنیادی تبدیلی لانے کے لئے  بحرینی عوام  اور تمام گروہوں سے اتحاد کی اپیل کی ہے۔

 بحرین کی چودہ فروری کی عوامی تحریک کی دسویں سالگرہ کی مناسبت سے کئی دنوں سے ہورہے یہ مظاہرے ایسی حالت میں انجام پا رہے ہیں کہ ڈکٹیٹر آل خلیفہ حکومت نے کورونا کے پھیلاؤ کے بہانے مسجدوں میں نمازجماعت اور مذہبی پروگراموں کے انعقاد پر پابندی لگا رکھی ہے بحرین کی انصاف اور اسلامی امور سے متعلق وزارت نے اعلان کیا ہے کہ ادارہ انسداد کورونا کی ہدایات کے مطابق یہ احکامات گیارہ فروری بروز اتوار سے دو ہفتوں تک کے لئے نافذ  کئے گئے ہیں ۔ پچھلے چند روز سے بحرین کے مختلف علاقوں میں آل خلیفہ حکومت کے خلاف اور آزادی کے حق میں عوام کے مظاہرے جاری ہیں۔

اللؤلؤ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق بحرین کی تحریک اسلامی الوفاق نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ مظاہرین نے صیہونی حکومت کے ساتھ بحرینی حکومت کے تعلقات کی بحالی کی ایک بار پھر  مخالفت کی اور آل خلیفہ حکومت کے اس اقدام کی مذمت میں نعرے لگائے۔

بحرینی مظاہرین اپنے ہاتھوں میں ایسے پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے جن پر " کامیابی تک استقامت جاری رہے گی ، تعلقات کی بحالی منظور نہیں " اور "ہم شہیدوں کے خاندانوں کے شکرگزار ہیں" ، جیسے نعرے درج تھے۔

 بحرین میں چودہ فروری دوہزار گیارہ سے  آل خلیفہ حکومت کے خلاف عوامی مظاہرے ہو رہے ہیں ۔ اس دوران گیارہ ہزار سے زیادہ بحرینی شہریوں کو گرفتار کر کے جیلوں میں ڈال دیا گیا ہے جبکہ ایک بڑی تعداد میں حکومت مخالف بحرینیوں کی شہریت سلب کرلی گئی ہے ۔

 

ٹیگس