انڈونیشیا میں کورونا ویکسین لگوانا لازمی قرار
Feb ۱۹, ۲۰۲۱ ۰۰:۱۰ Asia/Tehran
انڈونیشیا نے کورونا ویکسین نہ لگوانے پر جرمانہ عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں کورونا ویکسین لگوانے سے انکار کرنے والے شہریوں کو50 لاکھ روپے یعنی 365.89 ڈالرجرمانہ عائد کرنے کی دھمکی دیدی گئی ہے۔
روئیٹرز نیوزایجنسی کے مطابق اتنا غیر معمولی سخت جرمانہ عائد کرنے کا مقصد نئے ضابطے کی پابندی پرعملدرآمد یقینی بنانا ہے۔
جکارتہ کے نائب گورنر احمد رضا پتریہ نے کہا ہے کہ شہر کے حکام محض اصولوں کی پیروی کر رہے ہیں اورشہر میں اس طرح کی پابندیاں ایک آخری حربہ ہیں، جہاں جزیرہ نما میں آباد ملک میں پائے جانے والے 12لاکھ کورونا وائرس انفیکشن کی ایک چوتھائی تعداد موجود ہے۔
رضا پتریہ نے کہا ہے کہ اگر آپ اس حکم نامے کو مسترد کرتے ہیں تو دو باتیں ہوں گی، ایک یہ کہ سماجی امداد روک دی جائے گی اور دوسرا یہ کہ جرمانہ کیاجائے گا۔
انڈونیشیا نے گزشتہ ماہ شروع کئے جانے والے ویکسی نیشن پروگرام کے تحت 15ماہ کے اندر اندر اپنی 27 کروڑ کی آبادی میں سے18کروڑ15لاکھ افراد کو ویکسین لگانے کا منصوبہ بنا رکھا ہے۔
انڈونیشیا میں34 ہزار افراد کورونا سے ہلاک ہوچکے ہیں۔