شمالی شام پر کیمیائی حملے سے متعلق دہشت گردوں کے منصوبے کا انکشاف
شام میں مصالحتی مرکز کے نائب سربراہ نے کہا ہے کہ شام میں تحریرالشام نامی دہشت گرد گروہ صوبے ادلب کے شمال مشرق میں زہریلا مواد اور کیمیائی ہتھیار استعمال کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
روسی خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق کرنل الیگزینڈر کاری پوف نے ہفتے کے روز اعلان کیا ہے کہ ایسی اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ شام میں تحریرالشام نامی دہشت گرد گروہ، صوبے ادلب کے شمال مشرق میں زہریلا مواد استعمال کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد دمشق کی حکومت پرعام شہریوں کے خلاف کیمیائی حملے کا الزام عائد کرنا ہے۔
انھوں نے مشرقی شام کے صوبے الرقہ کے مختلف علاقوں میں شامی پناہ گزینوں کی واپسی کے بارے میں کہا کہ صوبے الرقہ کے عین عیسی کے علاقوں المعلق، جبیل، صیدا میں شامی شہریوں کی واپسی کے سلسلے میں سمجھوتہ طے پایا ہے۔
امریکہ کی سرکردگی میں مغربی ملکوں کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کی جانب سے شام اور عراق میں عام شہریوں کے خلاف بارہا کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا جس کی دستاویزات بھی پیش کی جا چکی ہیں مگر مغربی ملکوں کی جانب سے اب تک اس کی مذمت کئے جانے کی روک تھام کی جاتی رہی ہے اور ان مغربی ملکوں کی جانب سے غلط اطلاعات کی بنیاد پر اس قسم کے حملوں کا ذمہ دار شامی حکومت کو قرار دینے کی کوشش کی جاتی رہی ہے۔