روسی صدر کے خصوصی ایلچی کی شامی صدر سے ملاقات
Apr ۰۹, ۲۰۲۱ ۱۱:۴۷ Asia/Tehran
روسی صدر کے خصوصی ایلچی نے دمشق میں شام کے صدر بشار اسد سے ملاقات کی ہے۔
سرکاری خبررساں ایجنسی سانا کے مطابق، روسی صدر کے خصوصی ایلچی الیگزینڈر لاؤرنتیف اور صدر بشار اسد کے درمیان ملاقات میں، دوطرفہ تعاون اور مغربی محاذ کی جانب سے عائد کی جانے والی غیرقانونی پابندیوں کے معاشی اثرات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔
روسی صدرکے خصوصی ایلچی نے اس موقع پر کہا کہ ان کا ملک غیر قانونی پابندیوں کے مقابلے میں شامی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اوران کی ہر ممکن مدد اور حمایت کرتا رہے گا۔
اس ملاقات میں شام کی آئین ساز کمیٹی کے اجلاسوں اور امریکہ و مغربی ممالک کی جانب سے اس کمیٹی پر ڈالے جانے والے دباؤ کا معاملہ بھی زیر بحث آیا ہے۔
روسی صدر کے خصوصی ایلچی نے کہا کہ ان کا ملک دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شامی حکومت اور اس کے ملک کے عوام کی حمایت جاری رکھے گا۔