افغانستان میں طالبان کے ٹھکانوں پر حملہ، درجنوں ہلاک اور زخمی
Apr ۱۰, ۲۰۲۱ ۲۰:۲۹ Asia/Tehran
افغان فوج نے شمال مشرقی افغانستان میں واقع صوبے بدخشان میں طالبان کے ٹھکانوں پر حملہ کیا ہے جس میں طالبان گروہ کے درجنوں افراد ہلاک ہوگئے ہیں -
افغان سیکورٹی ذرائع کے حوالے سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق صوبے بدخشان میں وردوج کے علاقے ولسوالی میں طالبان کے ٹھکانوں پر افغان فوج کے حملے میں چھبیس طالبان ہلاک ہوئے ہیں جن میں اس گروہ کا خود ساختہ گورنر قاری حیدری اور اس گروہ کا سینیئر کمانڈر قاری فاروق بھی شامل ہے۔
افغان فوج کی اس کارروائی میں طالبان گروہ کے کئی عناصر زخمی بھی ہوئے ہیں بدخشان میں افغان فوج کی یہ کارروائی گذشتہ چند ماہ کے دوران اب تک کی سب سے بڑی کارروائی ہے۔
افغانستان میں طالبان اور افغان فوج کے درمیان حالیہ دنوں ایسی حالت میں جنگ میں شدت آئی ہے کہ جب دونوں ہی فریق ترکی کے شہر استنبول میں امن مذاکرات کی تیاری کر رہے ہیں۔