Apr ۲۰, ۲۰۲۱ ۱۶:۴۱ Asia/Tehran
  • ہرات میں کار بم دھماکا ، سترہ ہلاک و زخمی

افغانستان کے صوبہ ہرات میں ایک کار بم دھماکے میں دو افراد ہلاک اور پندرہ زخمی ہو گئے-

کابل سے ہمارے نمائندے نے خبردی ہے کہ ہرات کے گورنرسید وحید قتالی نے بتایا ہے کہ طالبان نے منگل کو غوریان ضلع کے پولیس ہیڈکوارٹراور حکومت کی حامی عوامی رضاکار فورس کی چھاؤنی کے قریب ایک کار بم دھماکا کیا جس کے نتیجے میں دو رضاکار پولیس اہلکار ہلاک جبکہ تین سیکورٹی اہلکار اور بارہ عام شہری زخمی ہوگئے۔

رپورٹ کے مطابق زخمیوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں ۔

افغان وزارت داخلہ کے ترجمان طارق آرین نے کہا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے ضلع غوریان میں طالبان کے ایک کار بم کا پتہ لگا کر اسے  تباہ کردیا ہے اس دھماکے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا ہے۔

درایں اثنا افغانستان کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ صوبہ غزنی اور ننگرہار میں افغان فوج کی کارروائیوں میں اکیس طالبان ہلاک اور تیرہ زخمی ہوگئے ہیں ۔

ٹیگس