Apr ۲۶, ۲۰۲۱ ۰۹:۲۹ Asia/Tehran
  • سعودی عرب کے ملک خالد ایئربیس پر پھر ڈرون حملہ

یمنی ڈرون کو روکنے میں آل سعود کی حکومت بری طرح سے ناکام ہو گئی ہے۔

فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے آج بروز پیر اعلان کیا کہ آج علی الصبح  سعودی عرب کے خمیس مشیط علاقے میں ملک خالد ایئربیس کو قاصف کے ٹو  ڈرون طیاروں سے نشانہ بنایا گیا۔

یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا ہے کہ یمن کی فوج اور رضاکار فورس کے ڈرون طیاروں نے ایک بار پھرپیر کی صبح جنوبی سعودی عرب کے خمیس مشیط علاقے میں واقع ملک خالد ایئربیس کوقاصف کے ٹو ڈرون طیاروں سے حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔

یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا کہ ملک خالد ایئربیس میں فوجی اہداف پر ہونے والا حملہ پوری طرح کامیاب رہا ۔

یحیی سریع نے مزید کہا کہ یہ کارروائیاں سعودی جارحیتوں اور محاصرے کا جواب ہیں اور یہ یمن کے قانونی اور جائز حق کے دائرے میں کی جا رہی ہیں ۔ 

یمنی فوج کے ڈرون طیاروں نے گذشتہ اتوار اور جمعرات کو بھی ملک خالد ایئربیس کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا تھا۔

یحیی سریع نے کہا کہ سعودی عرب کی فوجی سائٹوں پر یمن کی کارروائی اس کا قانونی حق اورسعودی جارحیت اور محاصرے کا جواب ہے ۔یمنی فوج اور رضاکار فورس نے حالیہ مہینوں میں جنوبی سعودی عرب میں واقع جیزان اور ابہا ہوائی اڈوں اور ملک خالد ایئربیس کو کئی بار اپنے ڈرون اور میزائلی حملوں کا نشانہ بنایا ہے ۔جیزان اور ابہا ہوئی اڈے اور ملک خالد ایئربیس سے ہی جارح سعودی اتحاد یمن پر حملوں کے لئے مدد اور ایندھن حاصل کرتا ہے۔

  اس سے قبل یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے وزیردفاع محمد ناصرالعاطفی نے زور دے کر کہا تھا کہ اگر سعودی اتحاد یمن کے خلاف اپنی حماقت کا سلسلہ جاری رکھے گا توعظیم درد نامی اسٹریٹیجی پرعمل درآمد شروع کردیا جائے گا۔

درایں اثنا یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے مآرب سیکٹر پر اپنی پیشقدمی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے "التبہ البیضاء " کے علاقے میں کارروائیاں انجام دی ہیں اور اس صوبے کے مغربی محاذ کے مزید علاقوں کو اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔

 یمن کی فوج نے المشجع کے علاقے کو بھی آزاد کرالیا ہے اور اس علاقے کے ٹیلوں پر جارح سعودی اتحاد کے تمام محاذوں کی جانب آگے بڑہ رہی ہے۔

 یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے الطلعہ الحمراء کے اسٹریٹیجک علاقے کی جانب بھی خاصی پیشقدمی کی ہے۔

یمن کی فورسس نے سعودی عرب میں نجران کے قریب صحرائے الاجشر کے علاقے میں بھی جارح اتحاد کے اڈوں پرحملے کئے ہیں۔

درایں اثنا یمنی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ جارح سعودی اتحاد کے بمبار طیاروں نے صوبہ یمن پر اکیس بار بمباری کی ہے۔

 المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جارح سعودی اتحاد کے بمبار طیاروں نے گذشتہ روز بھی چوبیس گھنٹوں میں انیس بار صوبہ مآرب کے ضلع صرواح پر بمباری کی تھی ۔

 جارح سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے صوبہ مآرب کے ضلع مدغل کو بھی دو بار اپنے حملوں کا نشانہ بنایا تھا۔

 سعودی عرب ، امریکہ ، متحدہ عرب امارات اور چند دیگر ممالک کی مدد سے مارچ دوہزار پندرہ سے یمن پر جارحانہ حملے کررہا ہے اور اس ملک کا بری بحری اور فضائی محاصرہ کئے ہوئے ہے جس کے باعث اس ملک کو غذائی اشیاء اور دواؤں کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

ٹیگس