May ۰۸, ۲۰۲۱ ۱۸:۱۷ Asia/Tehran
  • مسجد الاقصی پر صیہونیوں کا حملہ، فلسطینی گروہوں کا انتباہ +  ویڈیوز

فلسطینی تنظیموں نے صیہونی حکومت کو انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کو جلد ہی اس کے وحشیانہ اقدامات کا سخت جواب دیا جائے گا -

ذرائع ابلاغ نے جمعے کی رات مسجد الاقصی میں فلسطینی نمازیوں پر صیہونی فوجیوں کے حملے کی خبردی ہے۔ صیہونی فوجیوں نے مسجدالاقصی پر یلغار کر کے مسجدالاقصی کے دروازوں کو بند کردیا اور نمازیوں پر حملہ کردیا ۔

ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق اس حملے میں مسجدالاقصی کے صحن میں کم سے کم ترپن فلسطینی نمازی زخمی ہوگئے ۔ کہا جا رہا ہے کہ مسجدالاقصی سے شروع ہونے والی جھڑپوں کا سلسلہ اس وقت باب العامود تک پہنچ گیا ہے۔

ایک رپورٹ میں جمعے کی رات مسجد الاقصی، باب العامود اور محلہ شیخ جراح میں صیہونی فوجیوں کے حملے میں کم سے کم دو سو پانچ فلسطینیوں کے زخمی ہونے کی خبر دی گئی ہے۔

تحریک جہاد اسلامی فلسطین کے سیکریٹری جنرل زیاد النخالہ نے بیت المقدس میں صیہونی حکومت کے جرائم پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان اقدامات پر خاموش رہنا ممکن نہیں ہے اور دشمن کو ہر لمحے ہمارے جواب کا منتنظررہنا چاہئے ۔

النخالہ نے فلسطینیوں سے مسجدالاقصی پہنچنے اور اٹھائیس رمضان المبارک تک وہیں جمے رہنے کی اپیل کی تاکہ اسرائیل مسجد الاقصی پرحملے کے منصوبے کو ترک کردے ۔

بیت المقدس کی مسجدوں کی انتظامیہ کی جانب سے بھی اعلان کیا گیا ہے کہ تمام شہری مسجدالاقصی اور وہاں کے نمازیوں کا محاصرہ توڑنے کے لئے اس کے بالکل قریب تک پہنچ جائیں ۔

درایں اثنا فلسطین کی تحریک حماس اور غزہ میں حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے بیان جاری کر کے مسجدالاقصی کے نمازیوں کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے ہر قسم کے جارحانہ اقدام کی بابت انتباہ دیا ہے اور کہا ہے کہ دشمن نے بیت المقدس میں ایسی حماقت کا ارتکاب کیا ہے کہ جس کے نتیجے کی اسے خبر نہیں ہے ۔

اس کے ساتھ ہی فلسطینی انتظامیہ کے سربراہ محمود عباس نے بھی عالمی برادری سے ملت فلسطین اور اس کے مقدس مقامات کی حمایت کے سلسلے میں اپنی ذمہ داری پر پوری طرح عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بھی مسجدالاقصی اور فلسطینی نمازیوں پر صیہونیوں کے حملے کی مذمت کی ہے ۔

سعید خطیب زادہ نے کہا کہ ایران ، رمضان المبارک کے آخری جمعہ جمعۃ الوداع کو مسلمانوں کے قبلہ اول مسجدالاقصی کے نمازیوں پرغاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں کے حملے اور انھیں شہید و زخمی کرنے کی سخت مذمت کرتا ہے ۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ ان جنگی جرائم نے ایک بار پھر غاصب اور ناجائز صیہونی حکومت کی مجرمانہ خو اور بنیادی ترین عالمی انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی کا سلسلہ روکنے کے لئے فوری اقدام کی ضرورت کو ثابت کردیا ہے ۔ 

خطیب زادہ نے زور دے کر کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ، اس واقعے میں شہید ہونے والوں کے پسماندگان کو تعزیت پیش کرتے ہوئے انسانیت کے خلاف انجام پانے والے ان مسلمہ جرائم کی مذمت کرتا ہے اور اقوام متحدہ و دیگر بین الاقوامی اداروں سے ان جنگی جرائم سے نمٹنے کی حتمی ذمہ داری پر عمل کرنے کا مطالبہ کرتا ہے ۔

 

 

ٹیگس