پیشگی انتباہ کے بعد صیہونی ٹھکانوں پر راکٹ باری+ ویڈیوز
سرایا القدس نے مقبوضہ علاقوں پر دسیوں راکٹ فائر کئے ہیں۔
جہاد اسلامی فلسطین کی فوجی شاخ کی جانب سے انتباہ جاری کئے جانے کے بعد غزہ کے شمالی علاقے میں صیہونی کالونیوں میں سائرن بج اٹھے۔
فلسطینی ذرائع نے بتایا ہے کہ بدھ کی شام عسقلان، اشدود اور غزہ کے اطراف میں واقع صیہونی کالونیوں میں مسلسل خطرے کے سائرن بجتے رہے، اسی دوران استقامتی محاذ نے مذکورہ علاقوں میں صیہونی ٹھکانوں کو اپنے راکٹ حملوں کا نشانہ بنایا۔
فلسطینی ذرائع نے بتایا ہے کہ عسقلان، نتیفوت، النقب اور غزہ کے مشرقی علاقے میں واقع صیہونی بستیوں میں صیہونی ٹھکانوں پر مسلسل دس منٹ تک راکٹ فائر کئے جاتے رہے۔
صہیونی ذرائع نتیفوت اور عسقلان پر کم ازکم 70 راکٹ فائر کئے جانے کا اعتراف کیا ہے۔
جہاد اسلامی فلسطین کی فوجی شاخ السرایا القدس نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ تل ابیب، ڈیمونا، اشدود، عسقلان، سدیروت اور دیگر مقبوضہ علاقوں پر دسیوں راکٹ فائر کئے گئے ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ صرف سدیروت میں کم از کم 7 صیہونی زخمی ہوئے ہيں جبکہ عسقلان میں 26 صیہونیوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
یہ وسیع حملہ کتائب عزالدین قسام بریگیڈ کے بڑے حملے کے صرف ایک گھنٹے کے بعد انجام پایا ہے
القسام بریگيڈ نے اپنے بیان میں اعلان کیا تھا کہ یہ بڑا حملہ اپنے کمانڈروں کی شہادت اور برج الشروق پر حملے کے جواب میں انجام پایا ہے۔
اس حملے میں اشدود اور عسقلان پر 130 راکٹ مارے گئے ہیں۔
اس حملے کے چند لمحوں کے بعد ہی ذرائع ابلاغ میں ایک صہیونی کی ہلاکت اور چند صیہونیوں کے زخمی ہونے کی خبر دی تھی۔ زخمیوں ميں سے چند کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔