غزہ کے قریب میزائل دفاعی سسٹم کی تنصیب
غاصب صیہونی حکومت نے فلیگ ڈانس مارچ کے موقع پر فلسطین کی تحریک مزاحمت کی منھ توڑ جوابی کاروائی سے خائف ہو کر غزہ کے قریب اپنا میزائل دفاعی سسٹم قائم کر دیا ہے۔
رائٹرز کے مطابق غاصب صیہونی حکومت کے نئے وزیراعظم نفتالی بینیٹ کی کابینہ نے جسے تشکیل پائے ابھی ایک روز بھی پورا نہیں ہوا ہے منگل کے روز صیہونیوں کو اشتعال انگیز جلوس پرچم، فلیگ ڈانس ریلی کی منظوری دی ہے۔
اس اشتعال انگیز فلیگ ڈانس ریلی کی منظوری کا فیصلہ پیر کی رات غاصب صیہونی حکومت کے سیکورٹی عہدیداروں اور صیہونی حکومت کے عام سیکورٹی کے وزیر کے درمیان ہونے والی نشست میں کیا گیا تھا۔
اسی کے ساتھ غاصب صیہونی حکومت کی فوج نے غزہ کے قریب اپنا آئرن ڈوم سسٹم نصب کر دیا۔
فلیگ ڈانس ریلی کا منصوبہ انتہا پسند اور نسل پرست صیہونیوں اور صیہونی آباد کاروں نے تیار کیا ہے۔
اس اشتعال انگیز ریلی کے دوران غاصب صیہونی مقبوضہ بیت المقدس کی سڑکوں پر اجتماع کر کے اسرائیل کا پرچم لہرا کر ڈانس اور فلسطینیوں کی نسلی تطہیر کا اعلان کریں گے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ فلسطینی تنظیموں کی مشترکہ کمان نے صیہونیوں کی فلیگ ڈانس ریلی کے موقع پر غاصب صیہونی حکومت کے خلاف تحریک انتفاضہ تیز کرنے کی اپیل کی ہے۔
فلسطینی تنظیموں کی مشترکہ کمان کے جاری کردہ بیان میں اندرون اور بیرون ملک مقیم تمام فلسطینیوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ منگل کے روز قومی پرچم کے زیر سایہ بیت المقدس اور مسجد الاقصی کے دفاع کے لیے اٹھ کھڑے ہوں۔
اسلامی مزاحتمی تحریک حماس نے بھی تمام فلسطینیوں کو صیہونیوں کی فلیگ ڈانس ریلی کے موقع پر مسجد الاقصی میں اجتماع کی دعوت دی ہے۔
مقبوضہ علاقوں کی متعدد فلسطینی تنظیموں نے بھی اپنے اپنے الگ الگ بیانات میں منگل کے روز صیہونیوں کے خلاف تحریک انتفاضہ میں بھرپور حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔
فلسطین کے استقامتی محاذ نے یہ بھی کہا ہے کہ صیہونی حکومت کو مسجد الاقصی کی ہتک حرمت کے نتائج بھگتنے کے لئے تیار رہنا چاہیے۔
فلسطین کے استقامتی گروہوں نے ایک نو نکاتی بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل کی غاصب حکومت پرچم ریلی نکالنے پر مصر ہے اور اس اقدام کے ذریعے سیف القدس جنگ کے دوران اپنی کھوئی ہوئی ساکھ کو بحال کرنا چاہتی ہے اسی لئے وہ فلسطینی قوم کو مشتعل اور قدس شریف کے خلاف مسلسل جارحیت کا ارتکاب کر رہی ہے۔
استقامتی محاذ نے اپنے اس بیان میں قدس کی غاصب حکومت کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لائے جانے کے ہرقسم کے اقدام کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملت فلسطین کے خلاف جرم مسلم امہ کے خلاف غداری اور خیانت کے مترادف ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم جنگ بندی کے حق میں ہیں اور تمام عالمی اداروں سے چاہتے کہ وہ اس سے قبل کہ دیر ہوجائے اپنی ذمہ داریوں پر عمل کریں اور غاصب صیہونی حکومت کو قدس شریف اور مسجد الاقصی کے خلاف جارحیت سے روکیں۔
قابل ذکر ہے غاصب صیہونی حکومت کی پولیس نے آخرکار منگل کے روز صیہونی غاصبوں کو فلیگ ڈانس ریلی نام سے موسوم اشتعال انگیز مظاہرے کی اجازت دے دی ہے جسے حماس کے انتباہ کے باعث اب تک کئی بار ملتوی کیا جاتا رہا ہے۔
حماس اور اس کی فوجی شاخ عز الدین القسام بریگیڈ نے پچھلے دنوں بیت المقدس میں صیہونیوں کو فلیگ ڈانس ریلی نکالے جانے کی بابت سخت خبردار کیا تھا۔