افغانستان میں فوج اور طالبان کے درمیان گھمسان کی جنگ
ایسی حالت میں کہ جب افغانستان کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران تین علاقوں کو طالبان کے قبضے سے آزاد کرالیا گیا ہے، اس گروہ نے دعوی کیا ہے کہ تین اور علاقوں پر طالبان نے قبضہ کرلیا ہے۔
کابل سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ صوبے فاریاب میں اند خوئی کو بھی طالبان کے قبضے سے آزاد کرالیا گیا تاہم طالبان نے اس دعوے کی ابھی تک تصدیق نہیں کی ہے۔
افغانستان کے سیاسی و سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر اب تک آٹھ علاقوں کو طالبان کے قبضے سے آزاد کرایا جا چکا ہے۔
اُدھر طالبان نے بھی دعوی کیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران افغانستان کے کئی علاقوں منجملہ صوبے بغلان میں گذرگاہ نور اور صوبے فاریاب میں قرغان اور قرمقول نامی علاقوں کو طالبان نے اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔
افغان وزارت دفاع نے دعوی کیا ہے کہ طالبان کے خلاف جنگ میں اس گروہ کے ایک سو انتیس عناصر ہلاک اور پینتیس دیگر زخمی کئے جا چکے ہیں۔
دوسری جانب کابل اور افغانستان کے گیارہ صوبوں میں گذشتہ تین دنوں سے بجلی منقطع ہے۔