افغانستان میں قبضے کی جنگ جاری
افغان فوج نے پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران ملک کے پانچ شہروں کو طالبان کے قبضے سے آزادا کرا لیا ہے۔
کابل میں وزارت دفاع کے جاری کردہ بیان کے مطابق، سرکاری فوج نے صوبہ بغلان کے شہر خوست، پروان کے شہر شنواری، فاریاب کے شہروں خان چہار باغ اور پشتون کوٹ اور بلخ کے شہر کلدار کو طالبان کے قبضے سے چھڑا لیا ہے۔
رپورٹوں کے مطابق، طالبان نے پچھلے دو ماہ کے دوران تیزی سے پیشقدمی جاری رکھتے ہوئے، افغانستان کے ساٹھ شہروں پر قبضہ کر لیا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ کابل کے نواحی صوبے میدان وردک کے شہر سید آباد اور چک پر بھی طالبان نے قبضہ کر لیا ہے اور اب وہ غزنی کی جانب پیشقدمی کر رہے ہیں۔
دوسری جانب افغانستان کے نائب صدر امراللہ صالح نے طالبان کے خلاف جنگ کو اپنی حکومت کی اولین ترجیح قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طالبان کو شکست دینے کی غرض سے سیکورٹی فورس کی پشت پناہی کرنا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اس سے پہلے افغانستان کے وزیر خارجہ محمد حنیف اتمر نے کہا تھا کہ ہمیں ملکی دفاع اور امن مذاکرات کو ساتھ ساتھ آگے بڑھانا ہوگا ۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم ملک کے دفاع کے لیے امن مذاکرات کے نتائج کا ہرگز انتظار نہیں کرسکتے۔