دو ریاستی حل کے بغیر ہی ہمارا کام چل رہا ہے: صیہونی وزیر
خود ساختہ ریاست اسرائیل کے وزیر خارجہ یائر لیپید نے فلسطین کے دو ریاستی حل پر مذاکرات کا دروازہ بند کر دیا۔
انہوں نے یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں دوٹوک انداز میں واضح کیا کہ فلسطین کے دو ریاستی حل کی بات کرنا فضول ہے۔
عبرانی اخبار یدیعوت احارونوت کے مطابق صیہونی وزیر خارجہ یائر لپید نے یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں اپنے خطاب میں کہا کہ دو ریاستی حل پر بات کیے بغیر ہی عرب ممالک کے ساتھ سمجھوتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عرب دنیا اب ارض مقدس سے متعلق مسلمانوں کے موقف کی پُر زور حامی نہیں رہی ہے اور اعتدال پسند عربوں کے ساتھ ہماری اچھی بات چیت ہورہی ہے اور اب ہماری کوشش ہے کہ تعلقات قائم کرنے کی مہم میں فلسطینیوں کو بھی شامل کیا جائے۔
دوسری جانب یورپی یونین نے کہا ہے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں صیہونی حکام کے ہاتھوں فلسطینیوں کی بے دخلی کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ نقل مکانی ظالمانہ اقدام اور بین الاقوامی قانون کی واضح خلاف ورزی ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یورپی یونین، اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں کا کام صرف صہیونی اقدامات کا نظارہ کر کے اسکی مذمت کرنا رہ گیا ہے۔