Jul ۱۸, ۲۰۲۱ ۰۰:۴۲ Asia/Tehran
  • دشمن سے دھوکا کھائے  ہم وطنوں کے لئے شام بانہیں پھیلائے ہے ، وطن میں ان کا خیر مقدم ، بشار اسد کا اعلان

شام کے صدر بشار اسد نے گزشتہ روز ، حلف برداری کے دوران ، دھوکا کھانے والے تمام لوگوں سے کہا ہے کہ وہ اپنے وطن واپس آ جائيں ۔

          بشار اسد نے ہفتے کے روز سات سالہ صدارت کے نئے دور کے لئے شام  کے اراکین پارلیمنٹ اور دیگر اہم شخصیات کے درمیان عہدے کا حلف اٹھایا ۔

          انہوں نے اس موقع پر اپنی تقریر میں، حالیہ صدارتی انتخابات میں عوام کی بھرپور شرکت کا ذکر کرتے ہوئے زور دیا کہ جن قوموں کو آزادی کی راہ کا علم ہوتا ہے وہ اپنے حقوق کے تحفظ میں تھکتی نہیں اور اپنی راہ پر آگے بڑھتی رہتی ہيں۔

          بشار اسد نے کہا کہ انتخابات میں قومی سطح پر بڑے پیمانے پر شرکت بھی ، قوم کی سوجھ بوجھ و شعور کی علامت تھی ۔

انہوں نے زور دیا کہ کچھ لوگ ہمارے ملک کی تقسیم چاہتے تھے لیکن عوام نے اتحاد کے ساتھ ، ان کی سازشوں پر پانی پھیر دیا ، دشمنوں نے آغاز میں دہشت گردی سے ہمارے خوف اور شہریوں کو ایجنٹ بنانے کی سازش سے امید لگا رکھی تھی لیکن عوامی بیداری اور سوجھ بوجھ ، ہمارا قلعہ اور وہ ترازو ہے جس پر ہم اپنی طاقت کو تولتے ہيں ۔

          بشار اسد نے کہا کہ کچھ عناصر ، ترکی کی ثالثی سے، آئين تک رسائي کے لئے کچھ تجاويز پر کام کر رہے ہيں جس سے شام پر غیر ملکیوں کا تسلط ہو جائے گا لیکن ان کی تمام تجاویز اور منصوبے ، شامی عوام کی استقامت و جہد و جہد کی وجہ سے دھرے کے دھرے رہ گئے ۔

          انہوں نے کہا کہ جس کے دل سے وطن کی محبت ختم ہو جاتی ہے وہ اپنے وطن اور اپنے سماج کے لئے بے ثمر ہو جاتا ہے ۔

          شام کے صدر بشار اسد نے کہا کہ میں ان تمام لوگوں کو جنہوں نے دشمن سے دھوکا کھایا اور اپنے وطن کے زوال پرجوا کھیلا ، وطن واپسی کی دعوت دیتا ہوں ، جن لوگوں نے دھوکا کھایا میں ان سب سے کہتا ہوں کہ ان سے غلط فائدہ اٹھایا گیا لیکن ان کے وطن کی آغوش ان کے لئے کھلی ہے کیونکہ شام کے عوام کا دل بہت بڑا ہے ۔

          بشار اسد کی حلف برداری کی تقریب میں ملکی و غیر ملکی شخصیتوں اور سفارتکاروں نے حصہ لیا ۔

انہوں نے ستائیس مئي کو ہونے والے انتخابات میں 95.1 فیصد ووٹ حاصل کیا تھا ۔

 

 

ہمارا فیس بک پیج لائک کریں 

ہمیں انسٹاگرام پر فالو کریں 

ہمیں ٹویٹر پر فالو کريں

 

ٹیگس