ایران ، شام کا حقیقی حلیف ، دہشت گردی کے خاتمے تک تہران کے ساتھ تعاون جاری رہے گا ، بشار اسد
شام کے صدر نے اسلامی جمہوریہ ایران کے اسپیکر سے دمشق میں ہونے والی ملاقات میں کہا ہے کہ ایران شام کا اہم حلیف ہے ، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شام کے شانہ بشانہ کھڑا رہا اور اس نے ہر شعبے میں ہمارا ساتھ دیا ہے۔
شام کے دار الحکومت دمشق میں ہونے والی اس ملاقات میں بشار اسد اور محمد قالیباف نے دونوں ملکوں کے درمیان تعمیری تعاون کا جائزہ لیا ۔
شام کے صدر اور ایران کے اسپیکر نے اسی طرح دونوں ملکوں کے درمیان معاشی تعاون کے نئے میدانوں کے سلسلے میں پارلیمنٹ کے رول پر زور دیا اور کہا کہ اس طرح کے تعاون سے دونوں ملکوں کے عوام کی معاشی جنگ اور پابندیوں سے مقابلے میں مدد ہوگی ۔
شام کے صدر بشار اسد نے کہا کہ شام اور ایران میں حالیہ دنوں میں ہونے والے انتخابات کے نتائج اور اس میں شرکت اور دباؤ کی پالیسیوں کی ناکامی سے یہ پوری طرح سے ثابت ہو گيا کہ عوامی عزم کے سامنے کوئي طاقت ٹک نہيں سکتی ۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے اسپیکر، منگل کے روز ایک اعلی وفد کے ہمراہ دمشق پہنچے ہيں۔
تسنیم نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق استقامتی محاذ کے دشمنوں سے مقابلے کے لئے دمشق اور تہران کے درمیان معاشی تعلقات میں فروغ ایران کے اسپیکر کے دورہ دمشق کے دوران زير بحث آنے والے اہم موضوعات میں شامل ہے ۔