اسرائیلی آئل ٹینکر پر حملہ،عمان کے بحری حدود سے باہر انجام پایا: مسقط
عمان نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی حکومت کے بحری جہاز پر ہونے والا حالیہ حملہ اس کے بحری حدود سے باہر انجام پایا ہے۔
روسیا الیوم نے سنیچر کو رپورٹ دی ہے کہ حکومت عمان نے اپنے آبی حدود میں صیہونی حکومت کے بحری جہاز پر حملے کو مسترد کر دیا اور کہا ہے کہ ملک کی بحریہ نے اس واقعے کی تحقیقات کے لئے ایک وفد جائے وقوعہ پر روانہ کیا تھا اور اس کی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ یہ حملہ عمان کے بحری حدود سے باہر انجام پایا ہے۔
حکومت عمان نے کہا ہے کہ اس اسرائیلی بحری جہاز کے عملے نے کہا ہے کہ وہ کسی مدد کے بغیر اپنا سفر جاری رکھیں گے۔ ایم کے ایم ٹی او نے جمعے کو اعلان کیا تھا کہ بحرعرب کے شمال میں عمان کے ساحلوں پر ایک اسرائیلی فوجی جہاز کو ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
اس خبر کے سامنے آنے کے بعد صیہونی حکومت نے بھی ایک رپورٹ میں دعوی کیا کہ عمان کے ساحلوں پر جس بحری جہاز کو نشانہ بنایا گیا ہے وہ جاپان کا ہے جو ایک اسرائیلی کمپنی کے زیرانتظام کام کرتا ہے اور اس حملے کے نتیجے میں اس تجارتی جہاز کے عملے کے دو افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔