اسرائیل کو اسلحے کی فروخت دہشتگردی کی حمایت ہے: فلسطین تنظیمیں
امریکہ صیہونی حکومت کو اسلحہ دے کر دہشتگردی کی حمایت کر رہا ہے، یہ بات فلسطین کی استقامتی تنظیموں نے کہی ہے۔
جہاد اسلامی فلسطین کے ترجمان داوود شہاب نے کہا کہ خودساختہ صیہونی ریاست اسرائیل کو امریکہ کی طرف سے اسلحوں کی فراہمی در حقیقت علاقے کی بد امنی میں شرکت اور تل ابیب کے ذریعے عام کی جانے والی دہشتگردی کی حمایت ہے۔
جہاد اسلامی کے ترجمان نے کہا کہ صیہونی حکومت ایک ایسی حکومت ہے جس کی بنیاد انتہاپسندی، قتل و غارت اور نسلی بھدی بھاؤ پر ہے اور امریکہ سمیت سبھی مغربی ممالک اسرائیل کی اس سلسلے میں حمایت کر رہے ہیں۔
داوود شہاب نے مزید کہا کہ یہ امریکی ہتھیار ہی ہیں جن کی مدد سے صیہونی حکومت غزہ، مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس کے عام شہریوں منجملہ بچوں کا قتل کرتی ہے۔ جہاد اسلامی فلسطین کے ترجمان نے واضح کیا کہ جب تک اسرائیل کو امریکی ہتھیاروں کی فراہمی کا سلسلہ جاری رہے گا، علاقے میں امن و استحکام کا قیام غیر ممکن ہے۔
اُدھر حماس کے ترجمان حازم قاسم نے بھی صیہونی حکومت کو امریکہ کے ذریعے ہتھیار فراہم کئے جانے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کا یہ اقدام در حقیقت عالم اسلام بالخصوص فلسطینیوں کے مقدسات کی اہانت کی ترغیب دلانانا ہے اور اس سے صیہونی حکومت کے جرائم اور انکے غاصبانہ اقدامات کو تقویت ملے گی۔
خیال رہے کہ امریکی وزارت خارجہ نے جمعے کے روز صیہونی حکومت کو 'سی ایچ فائیو تھری کے' ماڈل کے اٹھارہ ہیوی ڈیوٹی ٹرانسپورٹ ہیلی کاپٹر فروخت کرنے کے ایک معاہدے پر دستخط کر دئے ہیں۔