عراق اور افغانستان کے صدر تہران پہنچ گئے
ایران کے صدر کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کرنے کیلئے آج عراق اور افغانستان کے صدور بھی تہران پہنچ گئے ۔
عراق کے صدر برهم صالح اور اسی طرح افغانستان کے صدر اشرف غنی ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ آج صبح تہران پہنچے۔ اس سے قبل گزشتہ دو روز کے دوران دنیا کے مختلف ممالک کے سربراہان مملکت، وزراء خارجہ، اسپیکر اور اہم شخصیات اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کرنے کیلئے تہران پہنچے۔
کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باوجود اس تقریب میں شرکت کے لئے عالمی رہنماؤں کی تہران آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی کی حلف برداری کی تقریب ایران کے وقت کے مطابق آج شام 5 بجے پارلیمنٹ ہاوس میں منعقد ہوگی۔
اس سلسلے میں ایرانی پارلیمنٹ کی کمیٹی کے ترجمان سید نظام الدین موسوی نے کہا ہے کہ ایران کے نئے صدر سید ابراہیم رئیسی کی حلف برداری کی تقریب میں دنیا کے 73 ممالک کے 115 سرکاری عہدیداران ، نمائندے اور اہم شخصیات شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حلف برداری کی تقریب میں ایرانی عدلیہ کے سربراہ ، گارڈین کونسل کے ارکان اور پارلیمنٹ کے اسپیکر موجود ہوں گے۔
سحر اردو ٹی وی کے ناظرین آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی کی حلف برداری کی تقریب ٹی وی چینل کے علاوہ سحر اردو کی ویب سائٹ پر موجود LIVE لینک کے ذریعے بھی دیکھ سکیں گے۔