Aug ۰۶, ۲۰۲۱ ۲۳:۲۷ Asia/Tehran
  • ہمیشہ اور پورے وجود سے ہم فلسطین کی حمایت کرتے رہیں گے: صدر ایران

فلسطین کی استقامتی تنظیم جہاد اسلامی کے سربراہ زیادہ النخالہ نے صدر ایران سید ابراہیم رئیسی سے ملاقات کی۔

جمعے کی شب ہونے والی اس ملاقات میں صدر ایران نے جہاد اسلامی تنظیم کو فلسطینی عوام کے حقوق کی بازیابی اور انکے دفاع میں ایک موثر تنظیم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ آج فلسطین کی قسمت کا فیصلہ کرنے کے لئے استقامتی تنظیموں کو صیہونی دشمن کے بالمقابل بالا دستی حاصل ہے اور یہ صورتحال فلسطین کی مکمل آزادی تک جاری رہے گی۔

سید ابراہیم رئیسی نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران فلسطین کی حمایت میں ذرہ برابر تردید سے کام نہیں لیتا اور ہم فلسطین کے مظلوم عوام کے حقوق کا دفاع کرتے رہیں گے۔
صدر رئیسی کا کہنا تھا کہ کامیابی محاذِ حق کی ہوتی ہے اور باطل محاذ اگرچہ مادی طاقت اور اسلحوں سے لیس ہو مگر غزہ کے برحق محاذ کے سامنے شکست و ناکامی اس کا مقدر ہے۔
فلسطینی تنظیم جہاد اسلامی کے سربراہ نے بھی اس ملاقات میں فلسطینی عوام کی جانب سے صدر سید ابراہیم رئیسی کی کامیابی پر انہیں مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران پُرامن انداز میں انتقالِ اقتدار کے حوالے سے دنیا کے لئے نمونۂ عمل بن چکا ہے جبکہ اسکے برخلاف امریکہ میں انتقالِ اقتدار کے موقع پر ٹکراؤ اور ہنگامہ آرائی کا مشاہدہ کیا گیا۔
زیاد النخالہ نے صدر ایران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تقریب حلف برداری کے موقع پر آپ کی تقریر کا پیغام مظلوموں اور عدل و انصاف کی حمایت تھا اور اس راہ میں ہم بیت المقدس کی آزادی تک اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ مل کر ڈٹے رہیں گے۔

ٹیگس