فراہ کے صدر مقام پر بھی طالبان کا قبضہ ہوا
افغانستان کے فراہ صوبے کے صدرمقام فراہ پر بھی طالبان کا قبضہ ہو گیا ہے۔
افغانستان کے مغربی صوبے فراہ کے مقامی عہدے داروں کے مطابق منگل کی شام طالبان کے جنگجو فراہ شہر میں داخل ہو گئے اور افغان فوج کے ساتھ جنگ کرتے ہوئے انہیں وہاں سے پسپائی اختیار کرنے پر مجبور کر دیا۔
فراہ صوبے کے صدر مقام فراہ کے سرکاری فورسز کے ہاتھ سے نکل جانے کے بعد طالبان کے زیر قبضہ چلے جانے والے صدر مقاموں کی تعداد سات ہو گئی ہے۔
فراہ پولیس کے ترجمان خالد حضرتی نے افغان فوج کے ہوئے ممکنہ جانی نقصان کا ذکر کئے بغیر یہ بتایا کہ فراہ میں ۸۰ طالبان عناصر ہلاک ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ فراہ صوبہ افغانستان کا بد امن ترین صوبہ تصور کیا جاتا ہے جہاں کے دس شہروں پر طالبان کا قبضہ ہو چکا ہے۔
اس سے قبل نیمروز، جوزجان، قندوز، سرپل، تخار اور سمنگان صوبوں کے صدر مقام افغان فوج کے کنٹرول سے نکل کر طالبان کے اختیار میں جا چکے ہیں۔