بگرام ہوائی اڈے پر طالبان کا میزائل حملہ
طالبان کے جنگجوؤں نے بگرام ایئرپورٹ کو چار میزائلوں سے نشانہ بنایا۔
افغانستان کے ایک سیکورٹی ذریعے نے اعلان کیا ہے کہ طالبان نے بدھ کو شمالی کابل میں واقع بگرام ہوائی اڈے پر چار میزائل فائر کئے تاہم کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔ درایں اثنا شمالی افغانستان کے صوبہ قندوز کے گورنر کے مشیر امرالدین والی نے اعلان کیا ہے کہ طالبان کے ہاتھوں اسی صوبے کے قندوزنامی شہر پر طالبان کا قبضہ ہوجانے کے بعد سیکڑوں افغان فوجیوں نے طالبان کے سامنے ہتھیارڈال دیئے ہیں۔
طالبان نے حالیہ دنوں میں افغانستان کے مختلف علاقوں پر حملے تیزکرکے اس ملک کے ایک بڑے علاقے پر قبضہ کرلیا ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق افغانستان کے مختلف علاقوں میں افغان فوجیوں اور طالبان جنگجوؤں کے درمیان جنگ جاری ہے۔ افغانستان کی وزارت دفاع نے دعوی کیا ہے کہ فراہ شہر کو طالبان کے قبضے سے آزاد کرالیا گیا ہے جبکہ چوبیس گھنٹے میں طالبان کے چارسو سے زائد جنگجوؤں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔