اسرائیلی وزیرخارجہ کا دورہ مراکش ناقابل قبول ہے، ترجمان جہاد اسلامی فلسطین
جہاد اسلامی فلسطین کے ترجمان نےصیہونی حکومت کے وزیر خارجہ کے دورہ مراکش کی مذمت کی ہے۔
فلسطین الیوم کے مطابق جہاد اسلامی کے ترجمان طارق سلمی نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم صیہونی حکومت کے وزیر خارجہ یائیرلاپید کے دورہ مراکش کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جب الجزائر سمیت براعظم افریقہ کے بہت سے ممالک اسرائیل کو اس براعظم سے بے دخل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، صیہونی حکومت کے وزیر خارجہ کا افریقہ کے ایک عرب ملک مراکش کا دورہ قابل مذمت ہی نہیں ناقابل قبول ہے۔
جہاد اسلامی کے ترجمان نے کہا کہ صیہونی دشمن کے ساتھ تعلقات کے قیام کی پالیسی ایک ناکام پالیسی ہے اس کا عربوں اور امت مسلمہ سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عرب اور اسلامی اقوام فلسطین کی آزادی اور صیہونیوں کو مقدس سرزمین سے بے دخل کیے جانے کی خواہاں ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ صیہونی حکومت کے وزیر خارجہ یائیر لاپید نے بدھ کو مراکش کا دورہ کیا ہے اور رباط میں اس ملک کے اعلی عہدیداروں سے ملاقات کی ہے۔
متحدہ عرب امارات، بحرین اور سوڈان کے بعد مراکش وہ چوتھا ملک تھا جس نے گزشتہ برس اسرائیل کے ساتھ کھلے بندھوں تعلقات قائم کرنے کا اعلان کیا تھا۔