شہدائے جنین کے ساتھ غزہ کے عوام کا اظہار یکجہتی
غزہ کے عوام نے شہدائے فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے اجتماع اور صیہونی جارحیت کے خلاف مظاہرہ کیا۔
غزہ میں فلسطین کی قومی اور اسلامی جائزہ کمیٹی نے جنین میں چار فلسطینی شہداء کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے شہر غزہ میں مظاہرہ کیا۔ مظاہرین اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے اور فلسطینی شہداء کے گھروالوں کے ساتھ اظہار ہمدردی و یکجہتی کررہے تھے۔ تحریک جہاد اسلامی فلسطین کے ایک رہنما خضر حبیب نے فلسطین کی قومی اور اسلامی جائزہ کمیٹی کی طرف سے کہا ہے کہ غزہ تمام تر مسائل و ومشکلات کے باوجود شہدائے جنین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
خضر حبیب نے غاصب صیہونی حکومت کو ان مذموم جرائم کا ذمہ دار قرار دیا اور زور دے کر کہا کہ استقامت ہی ملت فلسطین کا واحد آپشن اور پامال شدہ حقوق کی بحالی کا واحد راستہ ہے۔ درایں اثنا فلسطین کے اسلامی و قومی گروہوں نے صیہونیوں کے خلاف پورے غرب اردن میں ہڑتال کی اپیل کی ہے۔ فلسطین کی وزارت صحت نے پیر کی صبح اعلان کیا ہے کہ غرب اردن میں واقع جنین پر صیہونی فوجیوں کے حملوں میں چار فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ تل ابیب نے ابھی تک دوشہیدوں کے جنازے سپرد نہیں کئے ہیں۔