شام نے دشمن کے فضائی حملے کو ناکام بنا دیا
شام کے سرکاری ٹیلی ویژن چینل نے رپورٹ دی ہے کہ ملک کے فضائی دفاعی سسٹم نے دارالحکومت پر دشمن کے حملے کو ناکام بنا دیا۔
رپورٹ کے مطابق صیہونی دشمن نے دارالحکومت دمشق میں کچھ اہداف کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی جسے شام کے فضائی دفاعی سسٹم نے ناکام بنا دیا۔ابھی تک اس حملے کی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں اور یہ بھی معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ دمشق کی فضاؤں میں دیکھے جانے والے نامعلوم اجسام جنگی طیارے تھے، ڈرون تھے یا میزائل تھے۔
درایں اثنا بعض میڈیا ذرائع نے شام کے صوبہ حمص پر فضائی حملے کی خبر دی ہے۔ صیہونی حکومت، دہشتگردوں کی حمایت و مدد کے لئے شام کی بنیادی تنصیبات اور فوجی اڈوں کو نشانہ بناتی رہتی ہے۔
واضح رہے شام کا بحران، دوہزار گیارہ میں سعودی عرب ، امریکہ اور اس کے بعض اتحادیوں کی حمایت و مدد سے پیدا کیا گیا تھا اور اس کا مقصد علاقے کے توازن کو صیہونی حکومت کے حق میں تبدیل کرنا ہے۔ شام کی فوج نے اسلامی جمہوریہ ایران کی مشاورتی مدد اور روس کی حمایت سے داعش دہشتگردوں کا قلع قمع کردیا ہے جبکہ اس ملک میں سرگرم دوسرے دہشتگرد گروہ بھی شکست سے دوچار ہو رہے ہیں۔ اسرائیل، شام میں دہشتگردوں کی مکمل شکست سے تشویش میں مبتلا ہے۔