آئندہ حکومت وسیع البنیاد ہوگی، طالبان
طالبان نے ایک بار پر افغانستان میں وسیع البنیاد حکومت کے قیام کا عزم ظاہر کیا ہے۔
دوحہ میں طالبان کے سیاسی دفتر کے نائب سربراہ شیر محمد عباس استانکزئی نے کہا ہے کہ افغانستان کی آئندہ حکومت وسیع البنیاد ہوگی جس میں تمام اقوام اور مذاہب کے لوگوں کو اہلیت کی بنیادی پر حصہ دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ طالبان کی قیادت اس وقت ملک میں آباد اقوام اور سیاسی دھڑوں کے ساتھ صلاح و مشورے میں مصروف ہے۔
طالبان رہنما کا کہنا تھا کہ ہم ایک ایسی حکومت قائم کرنا چاہتے ہیں جسے اندرون اور بیرونی ملک مقبولیت حاصل ہو اور سب اسے تسلیم کرلیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کا دفتری نظام اور وزارتیں عنقریب بحال کردی جائیں گی اور تمام ملازمین اپنے کاموں پر واپس آجائیں گے۔
شیر محمد عباس استانکزئی نے افغانستان کے شمالی پڑوسیوں کے ساتھ تعلقات کو اہم قرار دیتے ہوئے اپنے ملک کی حالیہ تبدیلیوں کے بارے میں ایران کے موقف کی تعریف کی ۔
انہوں نے کہا کہ چابہار کی بندرگاہ افغان تاجروں کے لئے انتہائی اہمیت رکھتی ہے اور ایران کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو فروغ دیتے رہیں گے۔