کابل میں خواتین کے مظاہرے
کابل میں افغان خواتین نے بچیوں کو تعلیم سے محروم کردینے کے طالبان کے اقدام کے خلاف مظاہرہ کیا ہے۔
ترک خبررساں ایجنسی آناطولی کے مطابق افغان دارالحکومت کابل میں خواتین نے عبوری طالبان حکومت کے خلاف خاموش احتجاج کیا ۔اس رپورٹ کے مطابق مظاہرے میں شریک افغان خواتین نے اپنے منھ پر ٹیپ چپکا رکھے تھے۔ اس طرح انھوں نے افغان بچیوں کو تعلیم سے محروم کردینے کے طالبان کے فیصلے کے خلاف احتجاج کیا۔
یاد رہے کہ طالبان نے ایک بیان جاری کرکے افغانستان میں سنیچر سے اسکولوں اور کالجوں کو کھولنے کی خبر دیتے ہوئے صرف لڑکوں اور مرد ٹیچروں کو ہی اسکولوں اور کالجوں میں حاضری کے لئے کہا ہے ۔ طالبان نے اسکولوں اور کالجوں میں طالبات کی واپسی کے بارے میں کچھ بھی نہیں کہا ہے۔
کابل میں مظاہرہ کرنے والی خواتین نے ایسے پلے کارڈ اٹھارکھے تھے جن پر لکھے نعروں میں لڑکیوں کے حق تعلیم کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں مختلف افغان شہروں میں خواتین نے مظاہرہ کرکے خواتین کے ساتھ امتیازی سلوک کی مخالفت کا اعلان کیا ہے۔