طالبان کی اپنی حکومت تسلیم کرنے کے لئے عالمی برادری سے اپیل
طالبان گروہ کے ترجمان نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ افغانستان میں اس کی حکومت کو تسلیم کیا جائے۔
طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اسکائی نیوز ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اگر عالمی برادری نے افغانستان میں طالبان حکومت کو تسلیم نہ کیا اور غیرملکی بینکوں میں اس کے منجمد اثاثے آزاد نہ ہوئے تو افغان عوام کے مسائل دوگنا ہوجائیں گے۔
طالبان کے ترجمان نے عالمی برادری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں طالبان کی حکومت مشترکہ مفادات کی بنیاد پر تمام ممالک سے اچھے اور تعمیری تعلقات کی خواہاں ہے۔
پندرہ اگست سے افغان حکومت کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے لینے کے بعد طالبان نے سات ستمبر کو اپنی کابنیہ تشکیل دی اور پھر چند باقی ماندہ وزارت خانوں کے وزراء اور نائب وزراء کے ناموں کا بھی اعلان کرکے اس عمل کو مکمل کیا۔
طالبان کی کابینہ پر افغانستان کے اندر اور علاقائی و عالمی سطح پر سخت اعتراضات کئے جا رہے ہیں۔
ناقدین کا کہنا ہے طالبان کی نئی کابینہ ایک وسیع البنیاد حکومت کی تشکیل کے سلسلے میں اس کے اپنے وعدوں کے منافی ہے۔