Oct ۱۳, ۲۰۲۱ ۱۱:۲۶ Asia/Tehran
  • کابل میں ’بوش بازار‘ کا نام تبدیل کر دیا گیا، امریکہ کو پیغام

کابل میں ’بوش‘ بازار کے نام کا بورڈ ہٹا دیا گیا۔

طالبان نے کابل میں بوش بازار کے بورڈ کو ہٹوا کر اسکی جگہ نیا بورڈ نصب کرایا ہے۔

ارنا کے مطابق، منگل کے روز کابل کے بوش بازار کے بورڈ کو ہٹا کر اسکی جگہ ’مجاہدین بازار‘ کا بورڈ لگا دیا گیا ہے۔ ’بوش‘ بازار کابل کے سینٹرل فورسز نامی علاقے میں گذشتہ 19 برسوں سے امریکی مصنوعات کی خرید و فروخت کے لئے مشہور تھا۔

یہ بازار ابتداء میں افغانستان کے صدارتی محل کے نزدیک قائم ہوا تھا جہاں بگرام سے امریکی کے بنے سامان کی سپلائی ہوتی تھی۔ کئی سال کے بعد یہ بازار سینٹرل فورسز نامی محلے میں منتقل ہو گیا۔ اس بازار میں لباس اور اسلحوں سمیت فوجی سازوسامان کی خرید و فروخت ہوتی تھی۔

ابھی یہ بات پوری طرح واضح نہیں ہے کہ اس بازار کے بورڈ کو طالبان کی ثقافتی کمیٹی کے حکم سے بدلا گیا ہے یا خود بازار کے دوکانداروں کا اپنا فیصلہ ہے، لیکن بازار کے نام سے ایسا ظاہر ہوتا ہے کہ طالبان کے حکم سے یہ اقدام کیا گیا ہے۔

اس سے پہلے طالبان نے افغان شہروں پر تسلط کے قیام دوران وہاں کی کچھ جگہوں اور چوراہوں کے نام اپنے کمانڈروں کے نام سے تبدیل کر دئے تھے۔ غزنی شہر میں طالبان نے ’احمد شاہ مسعود‘ میدان کا نام بدل کر ’نیک محمد قلی‘ رکھ دیا اور وہاں لگے احمد شاہ مسعود کے بورڈ کو ہٹا دیا تھا۔

ٹیگس