Oct ۲۱, ۲۰۲۱ ۰۷:۲۴ Asia/Tehran
  • شامی صدر اور اماراتی ولیعہد کی گفتگو، مختلف امور پر تبادلہ خیال

شام کے صدر بشار اسد اور متحدہ عرب امارات یو اے ای کے ولیعہد محمد بن زاید کے مابین ٹیلیفونی گفتگو ہوئي۔

شامی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ صدر بشار اسد اور اماراتی ولیعہد محمد بن زاید نے باہمی تعلقات کے فروغ اور استحکام کے علاوہ مختلف شعبوں میں مشترکہ تعاون کے موضوع پر تبادلہ خیال کیا۔ شام کی سانا نیوز کے مطابق دونوں فریقوں نے اسی طرح علاقائی اور عالمی مسائل کی تازہ ترین صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔

عرب امارات کی خبررساں ایجنسی وام نے بھی بدھ کی شب یہ خبر دی تھی کہ شام کے صدر اور امارات کے ولیعہد نے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کی فروغ اور تعلقات کے استحکام کے سلسلے میں گفتگو کی ہے۔

بشار اسد اور محمد بن زاید نے گزشتہ برس بھی عالمی وبا کورونا سے مقابلہ کے سلسلے میں تبادلہ خیال کیا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ حالیہ برسوں میں متحدہ عرب امارات نے اپنی پالیسیوں میں تبدیلی لاتے ہوئے شام کے ساتھ تعلقات بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سنہ 2011 میں شام میں بیرونی حمایت یافتہ بحران شروع ہونے کے آغاز میں متحدہ عرب امارات نے شام کے خلاف سرگرمیاں کیں، لیکن دسمبر 2018 میں دہشتگرد گروہوں کے خلاف شامی نظام کی برتری ثابت ہونے کے بعد، اس نے دمشق میں اپنا سفارتخانہ دوبارہ کھول دیا۔ 

بحران شام کے آغاز کے بعد سے بعض عرب ممالک نے شام کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات ختم کرتے ہوئے اسکے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا تھا تاہم مغربی و علاقائی دہشتگردی کے خلاف شامی حکومت کی کامیابی کے بعد حالات تبدیل ہو گئے ہیں اور اب پھر سے بعض عرب ممالک دمشق حکومت کے ساتھ تعلقات بحال کرنے کے خواہاں ہیں۔

 

 

 

ٹیگس