جبہۃ النصرہ دہشتگرد گروہ نے ادلب میں چھیالیس حملے کئے
جبہۃ النصرہ دہشتگرد گروہ نے ادلب کے مختلف علاقوں پر بڑے پیمانے پر حملے کئے ہیں۔
روسیا الیوم کی رپورٹ کے مطابق شام کی حمیمیم چھاؤنی نے کہ جو جنگ بندی کی نگرانی کا روسی مرکز شمار ہوتی ہے، ایک بیان میں کہا ہے کہ جبہۃ النصرہ کے تکفیری دہشتگردوں نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ادلب میں کشیدگی کو کم کرنے کے لیے منتخب کیے گئے علاقوں کو چھیالیس بار اپنے حملوں کا نشانہ بنایا۔
شام میں جنگ بندی کے نگراں روسی مرکز نےاس سے پہلے بھی اعلان کیا تھا کہ جبہۃ النصرہ کے دہشتگردوں نے کم کشیدگی والے علاقوں پر اٹھائیس حملے کئے ہیں۔ اس مرکز کی رپورٹ کے مطابق جنگ بندی کی زیادہ تر خلاف ورزیاں لاذقیہ، حماہ اور ادلب صوبوں میں انجام پائی ہیں۔
روسی مرکز کے مطابق صوبہ حماہ کو بھی کئی بار تکفیری دہشتگرد گروہ جبہۃ النصرہ نے حملوں کا نشانہ بنایا ہے یہ ایسی حالت میں ہے کہ صوبہ حلب کے تکفیریوں نے بھی اس علاقے میں حملے کئے ہیں۔
جبہۃ النصرہ دہشتگرد گروہ جسے شام کے مختلف علاقوں میں شامی فوج اور استقامتی گروہوں کے ہاتھوں پے درپے شکستوں کا سامنا کرنا پڑا ہے، ترکی کی مدد سے ادلب سمیت دیگر کشیدگی کم کرنے والے علاقوں میں اپنے دشمنانہ اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔