اسپین بولدک سے رفت و آمد بحال
افغانستان اور پاکستان کے درمیان قائم سرحدی گزرگاہ اسپین بولدک ایک ماہ کے بعد دوبارہ کھول دی گئی۔
کابل میں متعین پاکستانی سفیر منصور احمد خان نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ اسپین بولدک کو لوگوں کی آمدو رفت اور دوطرفہ تجارت کے لیے کھول دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ طالبان اور پاکستان کے سرحدی حکام کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے بعد اسپین بولدک سے دونوں ملکوں کے درمیان رفت و آمد بحال ہوگئی ہے۔صوبہ قندھار کے طالبان حکام کا کہنا ہے کہ اسپین بولدک سے صرف پاکستانی شہریوں، قندھار کا شناختی کارڈ اور پاکستان کا ویزہ رکھنے والوں کو رفت و آمد کی اجازت ہوگی۔
البتہ سفری دستاویزات نہ رکھنے والے مریضوں کو آنے جانے سے روکا نہیں جائے گا۔
واضح رہے کہ طالبان فورسز نے ایک ماہ قبل اسپین بولدک گزرگاہ کو بند کر دیا تھا۔ اس سے پہلے اعلان کیا گیا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان قائم ایک اور سرحدی گزرگاہ طور خم، مسافروں کے لیے کھول دی گئی ہے۔