پاکستان نے افغانستان کے ساتھ اپنی سرحدیں غیر معینہ مدت کے لئے بندکردیں
اطلاعات کے مطابق پاکستان نے افغانستان کے ساتھ اپنی سرحدیں غیر معینہ مدت کے لئے بند رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: میڈیا ذرائع کی رپورٹ کے مطابق حکومت پاکستان نے اس فیصلے سے کابل کو واضح پیغام دیا ہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی و دیگر دہشت گرد تنظیموں کے خاتمہ کے لئے ٹھوس اقدامات تک تجارت و دیگر سرگرمیوں کے لئے سرحدیں نہیں کھلیں گی۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق حکام نے کہا ہے کہ سرحدی بندش معمول کا انتظامی اقدام نہیں بلکہ پالیسی میں اسٹریٹیجک تبدیلی ہے۔
ادھر دوطرفہ کشیدگی میں اضافے کی وجہ سے طالبان حکام نے بھی افغان تاجروں کو وارننگ دی ہے کہ وہ پاکستان پر انحصار ختم کرکے دیگر ملکوں کے ساتھ تجارت کریں۔
یاد رہے کہ پاک افغان سرحدوں کی بندش کو ایک ماہ سے زیادہ ہو چکا ہے جس کے باعث دونوں اطراف ہزاروں ٹرک اور کنٹینر پھنسے ہوئے ہیں۔ اس وقت سرحدی گزرگاہیں صرف انسانی بنیادوں پر کھلی ہیں جوکہ افغان مہاجرین اور سرحدوں پر پھنسے افراد کی واپسی تک محدود ہیں۔