فلسطینیوں پر صیہونی حکومت کے بڑھتے مظالم، ایک فلسطینی نے کی شہادت پسندانہ کارروائی
مقبوضہ ویسٹ بینک میں ایک فلسطینی نے شہادت پسندانہ کارروائی کی ہے۔
عبری میڈیا منجملہ معاریو نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ منگل کے روز ایک فلسطینی نوجوان نے اپنی گاڑی سے غاصب صیہونی فوجیوں کو کچلنے کی کوشش کی ہے۔
صیہونی میڈیا کے مطابق رام اللہ کے حلمیس ٹاؤن میں ہونے والے اس حملے میں ایک صیہونی زخمی ہو گیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ مبینہ حملہ کرنے والا فلسطینی نوجوان گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ اسکی کار کو بھی صیہونیوں نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔
صیہونی حکومت کے طبی ذرائع کا دعوا ہے کہ زخمی ہونے والے شخص کو زیادہ گہری چوٹیں نہیں آئی ہیں جبکہ دیگر ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ مبینہ حملے کے بعد صیہونی حکومت کا ایک ہیلی کاپٹر جائے وقوعہ پر بھیجا گیا۔
کچھ عرصے قبل بھی صیہونی ذرائع ابلاغ نے خبر دی تھی کہ بیت المقدس شہر کے قدیمی علاقے میں ایک فلسطینی نے صیہونیوں کو نشانہ بنایا تھا جس میں قابض ریاست کے دو فوجی عناصر زخمی ہو گئے تھے۔
قابل ذکر ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے جارحانہ، بہیمانہ اور اشتعال انگیز اقدامات سے تنگ آئے فلسطینی عوام اپنی سرزمین پر قابض صیہونیوں کو سبق سکھانے کے لئے ہر ممکن طریقہ اپناتے ہیں اور وہ سر سے پیر تک مسلح صیہونی دہشتگردوں اور انتہاپسندوں سے اپنے اہل خانہ، اپنی ناموس اور اپنے مال اموال کی حفاظت کے لئے ہر وہ اقدام کرتے ہیں جس کو کرنے کی وہ توانائی رکھتے ہیں۔