افریقی یونین کا خودساختہ صیہونی حکومت پر کرارا وار
فلسطین کی حماس اور جہاد اسلامی تنظیموں نے افریقی یونین میں غاصب صیہونی حکومت کو بطور نگراں دی گئی رکنیت معطل کر دئے جانے کو صیہونی حکومت کے ساتھ سازباز کرنے والوں کے منھ پر زور دار طمانچے سے تعبیر کیا ہے۔
فارس نیوز کے مطابق فلسطین کی جہاد اسلامی تنظیم کے ایک سینیئر رکن احمد المدلل نے افریقی یونین کے اُس اقدام کی قدردانی کی جس میں اُس نے متفقہ طور پر غاصب صیہونی حکومت کو بطور نگراں دی گئی رکنیت کو ختم کرنے کے حق میں ووٹ دے دیا۔
انہوں نے کہا کہ افریقی یونین کا یہ اقدام در حقیقت اُن سبھی ممالک پر سنگین ضرب ہے جو اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی بحالی کی راہ پر گامزن ہیں۔ فلسطینی رہنما نے کہا کہ افریقی یونین کے اس اقدام نے یہ واضح کر دیا کہ افریقی اقوام اور ممالک فلسطینی کاز کے حامی ہیں۔
دوسری جانب حماس کے رہنما حازم قاسم نے بھی خود ساختہ صیہونی حکومت کو بطور نگراں دی گئی رکنیت ختم کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے اسرائیل کی رکنیت کے خلاف ووٹ دینے والے سبھی افریقی ممالک کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ افریقی یونین نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ بدستور فلسطینی عوام کے مسلمہ حقوق کے دفاع کی راہ پر گامزن ہیں۔
خیال رہے کہ خود ساختہ صیہونی حکومت خود کو تنہائی سے نکالنے کے لئے جی توڑ کوشش کرتی ہے اور اسی تناظر میں اُس نے گزشتہ برس جنوری میں افریقی یونین میں بطور نگراں رکنیت بھی حاصل کر لی تھی جسے اب معطل کر دیا گیا ہے اور اس موضوع کا جائزہ لینے کے لئے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔