شام، فوجیوں کی منی بس میں دھماکہ، متعدد فوجی جاں بحق اور زخمی
شام کے ذرائع ابلاغ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ دار الحکومت دمشق میں فوجیوں کی منی بس میں دھماکے کی وجہ سے ایک فوجی جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا نے منگل کے روز اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ دار الحکومت دمشق میں فوجیوں کی منی بس میں دھماکہ ہوا سج میں 12 فوجی جاں بحق اور زخمی ہوئے۔
سانا نے ایک فوجی ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بج کر 25 منٹ پر الجمارک اسکوائر کے پاس فوجیوں کی منی بس میں دھماکہ ہوا جس کی وجہ سے ایک فوجی جاں بحق اور 11 دیگر زحمی ہوگئے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ بم منی بس میں ہی نصب تھا۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے حملے کو دہشت گردانہ حملہ قرار دیا اور کہا کہ کچھ مہینے پہلے بھی دار الحکومت میں اس طرح کا حملہ ہوا تھا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے مذکورہ حملہ بھی منی بس میں فوجیوں کو نشانہ بنا کر کیا گیا تھا جس میں 14 فوجی جاں بحق اور بڑی تعداد میں زخمی ہوئے تھے۔
دہشت گرد گروہ سرایا قاسیون نے ٹیلیگرام چینل پر ایک بیان جاری کرکے حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔