Feb ۱۷, ۲۰۲۲ ۱۵:۴۶ Asia/Tehran
  • جارح ممالک کے مقابلے میں یمنی فورسز و عوام کا اتحاد بڑا ہم ہے: مہدی المشاط

یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ نے سعودی اتحاد کی جارحیت کے مقابلے میں یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی حمایت میں عوامی یکجہتی کی تحریک شروع کی ہے۔

موصولہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط نے یمن کی پارلیمنٹ کے اسپیکر یحیی راعی، عدلیہ کے سربراہ احمد المتوکل اور وزیر اعظم عبد العزیز بن حبتور کی شمولیت سے تشکیل پانے والے ایک اجلاس میں یمن کی عوامی استقامت کی اہمیت پر زور دیا۔

انھوں نے کہا ہے کہ سرکاری اداروں کو چاہئے کہ عوامی شمولیت سے تمام قوتوں کو یکجا اور متحد کرنے میں اپنا بنیادی کردار ادا کریں۔ مہدی المشاط نے اعلان کیا کہ یمن میں جارحین کے مقابلے میں مسلح افواج کے ساتھ ساتھ یمنی عوام کی بھی لام بندی کی ضررت ہے۔ انھوں نے کہا کہ جارحین کے مقابلے میں عوامی لام بندی کے لئے ہر سطح پر کام کیا جانا چاہئے۔

یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط نے یمنی عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ سعودی اتحاد کی جارحیت کے مقابلے میں یمن کی مسلح افواج کی بھرپور حمایت اور اپنی یکجہتی کا اعلان کریں۔ انھوں نے کہا کہ اس حمایت میں یمنی عوام کی جانب سے سنجیدگی کا مظاہرہ کئے جانے کی ضرورت ہے۔ مہدی المشاط نے کہا کہ یمنی عوام اور یمن کی مسلح افواج میں مکمل مفاہمت اور یکجہتی، سعودی جارحیت کے مقابلے میں خاص اہمیت رکھتی ہے۔

یمن پر سعودی حکومت نے امریکہ کی حمایت سے، متحدہ عرب امارات اور کچھ دوسرے ملکوں کے ساتھ مل کر چھبیس مارچ سن دو ہزار پندرہ سے حملے شروع کئے، جو اب تک جاری ہیں۔ ان حملوں میں لاکھوں یمنی شہید اور زخمی ہوئے ہیں، جبکہ دسیوں لاکھ لوگ بے گھر ہو چکے ہیں۔سعودی اتحاد نے یمن کی زمینی، سمندری اور ‌فضائی ناکہ بندی کر رکھی ہے جس کی وجہہ سے یمن کو اشیائے خوردونوش اور دواؤں کی شدید قلت کا سامنا ہے۔اس کے باوجود سعودی اتحاد یمن میں اب تک اپنا کوئی بھی مقصد حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا ہے۔

ٹیگس