صیہونی جارحیت میں 3 فلسطینی نوجوانوں کی شہادت
Mar ۰۲, ۲۰۲۲ ۰۸:۱۶ Asia/Tehran
غرب اردن میں صیہونی فوجیوں کی فائرنگ سے ایک اور فلسطینی نوجوان شہید ہوگیا، اس طرح منگل کے روز شہید ہونے والے فلسطینی نوجوانوں کی تعداد 3 ہو گئی۔
فلسطین الیوم خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق منگل کو غرب اردن کے الخضر علاقے میں صیہونی فوجیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر زخمی ہونے والا فلسطینی نوجوان عمار ابو عفیفه شہید ہو گیا۔ صیہونی فوجیوں نے غرب اردن کے مختلف علاقوں میں فلسطینیوں پر یلغار کر کے متعدد کو گرفتار بھی کر لیا۔
منگل کی صبح بھی غرب اردن کے علاقے جنین میں صیہونی دہشتگردوں کی فائرنگ سے دو فلسطینی نوجوان شہید ہوئے تھے۔
صیہونی حکومت انیس سو سڑسٹھ سے غرب اردن پر قبضہ کئے ہوئے ہے اور اس وقت اس علاقے پر پانچ لاکھ سے زیادہ صیہونی انتہاپسند قابض ہیں جبکہ غرب اردن کے کل فلسطینیوں کی تعداد تیس لاکھ سے کچھ زیادہ ہے۔