عراق میں سعودی سرمایہ کاری کے خلاف قبائلی عمائدین کا مظاہرہ
عراق میں سعودی سرمایہ کاری کے خلاف قبائلی عمائدین نے مظاہرہ کیا۔
عراق کے صوبے المثنی کے قبائلی عمائدین اور دیگر رہنماؤں نے السماوا کے علاقے میں سعودی سرمایہ کاری کی شدید مخالفت کی ہے۔
الجنوبیہ ٹی وی کے مطابق، صوبہ المثنی کے درجنوں قبائلی سردار اور دیگر رہنماؤ نے جمعے کے روز مظاہرہ کیا اور السماوا میں سعودی سرمایہ کاری کی یہ کہہ کر مخالفت کی کہ یہ اقدام سعودی عرب کے قریب ہونے اور اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی بحالی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔
مظاہرین نے سعودی سرمایہ کاری کو طویل المدت سامراجی منصوبے کا حصہ مانتے ہوئے کہا کہ اس سے عراقی شہریوں کی سلامتی بھی خطرہ میں پڑ جائے گی۔
مظاہرے میں شریک ایک شخص کا کہنا تھا کہ عراقی سرزمین میں سرمایہ کاری پر سعودیوں کے اصرار میں دہشت گردانہ مقاصد کی بو محسوس ہورہی ہے۔
واضح رہے کہ عراق کی عبوری حکومت نے المثنی، الانبار، نجف اور کربلا کی ایک ملین ہکٹراراضی پر 50 سالہ سرمایہ کاری کا لائسنس سعودی عرب کو دے دیا ہے۔
بیشتر عراقی ماہرین اور سیاستدان اپنے ملک میں سعودی سرمایہ کاری کے اہداف اور اس کی توانائیوں کے بارے میں شکوک شبہات کا اظہار کر رہے ہیں۔