مقبوضہ غرب اردن میں حالات کشیدہ، صیہونی پلیس اور فلسطینیوں میں جھڑپیں جاری
مقبوضہ غرب اردن میں حالات کشیدہ ہیں اور صیہونی فورسز سے فلسطینیوں کی جھڑپوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
میڈیا ذرائع نے مقبوضہ ویسٹ بینک میں صیہونی پلیس اور فلسطینیوں کے مابین جھڑپوں کے جاری رہنے کی خبر دی ہے، جس میں متعدد فلسطینی زخمی اور گرفتار ہوئے ہیں۔
فلسطین الیوم کی رپورٹ کے مطابق، صیہونی پلیس نے شمالی رام اللہ میں واقع سنجل قصبے پر حملہ کیا جسکے بیچ فلسطینی جوانوں سے اس کی جھڑپیں شروع ہوگئیں۔
اسی طرح الخلیل شہر میں بھی صیہونی پلیس نے فلسطینیوں پر فائرنگ کی اور آنسو گیس کے گولے فائر کئے جس میں 2 فلسطینی زخمی ہوگئے۔ بیت لحم کے جنوب میں واقع الخضر قصبے میں مسلسل تیسری رات صیہونی پلیس اور فلسطینی جوانوں کے مابین جھڑپ ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق، الخلیل کے شمال میں واقع بیت امر قصبے میں بھی جنین کیمپ کی حمایت میں فلسطینیوں نے مظاہرہ کیا، جس پر صیہونی پلیس نے حملہ کر دیا جس میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔
قابل ذکر ہے کہ قدس پر قابض صیہونی حکومت کی پلیس ماہ مبارک رمضان میں فلسطینیوں کے خلاف دہشتگردی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے غرب اردن اور مقبوضہ قدس کے مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں فلسطینیوں کو گرفتار کر چکی ہے۔