قدس کی آزادی کے بغیر خطے میں امن قائم نہیں ہو سکتا، او آئی سی
اسلامی تعان تنظیم نے کہا ہے کہ قدس شریف اور مسجد الاقصی، امت مسلمہ کی سرخ لکیر ہیں اور جب تک انھیں غاصب صہیونی حکومت کے قبضے سے آزاد نہیں کیا جاتا اس وقت تک علاقے میں امن و استحکام برقرار نہیں ہو سکتا۔
فلسطینی انفارمیشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک نے پیر کو ایک غیر معمولی اجلاس میں اسرائیلی غاصبوں کے جرائم کے خلاف القدس الشریف اور اس کے مقدسات کے دفاع کے لیے تمام رکن ممالک کی جانب سے مشترکہ کوششوں اور وحشیانہ حملوں کے خلاف فلسطینی عوام کی حمایت پر زور دیا۔
اجلاس کے اختتامی بیان میں غاصب صہیوینوں کی طرف سے فلسطینی عوام بالخصوص بیت المقدس شہر کے خلاف جارحیت اور اس شہر پر غاصب صیہونی ریاست کے غیر قانونی اقدامات کی مذمت کی گئی، جس کا مقصد اس پر مکمل کنٹرول اور قدس اور مسجد الاقصی کی تاریخی اور قانونی حیثیت کو تبدیل کرنے کی کوشش کرنا ہے۔
اس بیان میں اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک نے مسجد الاقصی کو تقسیم کرنے کی کوشش سمیت جارحیت اور غاصبوں کے غیر قانونی اقدامات کے کسی بھی نتیجے کا ذمہ دار صہیونی حکومت کو قرار دیتے ہوئے اس قسم کے خطرناک اور ناجائز اقدامات کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا۔