عراق میں داعش کے 40 دہشتگرد ہلاک
عراقی فوج کی موصل کے جنوب میں کارروائی میں، تکفیری گروہ داعش کے 40 دہشتگردوں ہلاک ہوئے۔
المعلومہ خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراق کی فوج نے صوبہ نینوا کے شہر موصل کے جنوب میں گزشتہ چند روز سے تکفیری گروہ داعش کے خلاف آپریشن شروع کیا جس کے دوران اب تک 40 سے زائد تکفیری دہشتگرد مارے گئے۔
دوسری جانب عراق کی انسداد دہشتگردی فورس کے جوانوں نے عزم محکم آپریشن کے دوسرے مرحلے میں صوبہ الانبار کے صحرائی علاقے میں تین ہیلی برن آپریشن انجام دیئے اور باقیماندہ داعش دہشتگردوں کے اڈوں کو تباہ کر دیا۔
عراقی فوجیوں کی کارروائی میں داعش کے اڈوں سے بڑی مقدار میں ہتھیار اور دھماکہ خیز مواد ملے جنہیں تباہ کر دیا گیا۔ عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے کمانڈر قاسم مصلح نے عزم محکم آپریشن کے بارے میں کہا کہ یہ آپریشن کا دوسرا مرحلہ سیکورٹی اہلکاروں کے ساتھ تیار کی جانے والی منصوبہ بندی کے مطابق انجام پایا۔
واضح رہے کہ سنہ 2017 میں شکست کے باوجود عراق کے بعض علاقوں میں داعشی دہشتگرد موجود ہیں جو گاہے بگاہے دہشتگردانہ حملے انجام دیتے ہیں۔