May ۱۴, ۲۰۲۲ ۱۵:۰۰ Asia/Tehran
  • الجزیرہ کی رپورٹر کے جلوس جنازہ پر حملے کی عالمی سطح پرمذمت

فلسطینی وزارت خارجہ، مزاحمتی تنظیموں اور صحافیوں کی عالمی تنظیم رپورٹرز ود آؤٹ بارڈر نے الجزیرہ کی فلسطینی رپورٹر شہید شیریں ابو عاقلہ کےجنازے پر صیہونی فوجیوں کے حملے کی سخت مذمت کی ہے۔

فلسطین کی وزارت خارجہ نے الجزیرہ کی  صحافی  شیریں ابو عاقلہ کے جلوس  جنازے پر صیہونی فوجیوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے منظم دہشتگردی سے تعبیر کیا ہے ۔

فلسطینی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں اعلان کیا ہے کہ صیہونی حکومت نےالجزیرہ کی رپورٹر شیریں ابوعاقلہ کو نہ صرف شہید کردیا بلکہ ان کے جلوس جنازہ کا بھی اس وقت تک پیچھا کیا جب تک کہ انھیں  سپرد خاک نہ  کردیا گیا ۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ  صیہونی حکومت لوگوں کے کندھوں پر فلسطینی صحافی کے تابوت جنازہ سے بھی خوف زدہ تھی ۔

فلسطین کی وزارت خارجہ نے اسرائیل کو ایک سرکش ، غاصب ، نسل پرست ، ظالم ، انسانی حقوق پامال کرنے والی اور فلسطینی عوام کے خلاف ہر روز جرائم کا ارتکاب کرنے والی غاصب حکومت قراردیا اور کہا کہ اس کے جرائم کو روکنے کا  واحد راستہ اس کا بائیکاٹ اور اس پر پابندیاں عائد کرنا ہے ۔

تحریک جہاد اسلامی فلسطین کے ترجمان نے بھی الجزیرہ کی فلسطینی رپورٹر کے جلوس جنازہ پر صیہونی حکومت کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ صیہونی حکومت کے خلاف جدوجہد اور اس کے خلاف مزاحمت و استقامت کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے ۔

تحریک جہاد اسلامی فلسطین کے انفارمیشن شعبے کے سربراہ داؤود شہاب نے کہا کہ فلسطینی صحافی شیریں ابوعاقلہ کے جنازے پر صیہونی فوجیوں کا حملہ بیت المقدس کی غاصب حکومت کا نیا جرم ہے جواس کے دیگر جرائم میں ایک اور اضافہ ہے۔ تحریک جہاد اسلامی فلسطین کے اس عہدیدار نے کہا کہ صیہونی حکومت، شیریں ابوعاقلہ کے قتل پربڑی تعداد میں عالمی سطح پر مذمت کا سامنا کرنے کے باوجود پیچھے نہیں ہٹی اور اس نے اس فلسطینی صحافی کے جنازے پر بھی حملہ کردیا۔ 

صحافیوں کی عالمی تنظیم رپوٹرزود آؤٹ  بارڈر نے بھی اپنے ایک بیان میں الجزیرہ ٹی وی کی فلسطینی رپورٹرابوعاقلہ کے جلوس  جنازے پر صیہونی حکومت کے فوجیوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے حیران کن قراردیا ۔ صحافیوں کی عالمی تنظیم رپورٹرز ود آؤٹ بارڈر نے مشکوک انداز میں ابوعاقلہ کے قتل کی عالمی سطح پر فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

یاد رہے کہ صیہونی حکومت کی فوج نے جمعے کو مقبوضہ بیت المقدس میں الجزیرہ ٹی وی کی فلسطینی رپورٹر شیریں ابوعاقلہ کے  جنازے پر حملہ کرکے جنازے میں شریک لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ یہ پرتشدد یلغار اور شرمناک بے احترامی دنیا کی نگاہوں کے سامنے انجام پائی ہے جس میں صیہونی فوجیوں نے ساؤنڈ بم کا استعمال کرتے ہوئے شیریں  ابوعاقلہ کے جنازے کی بے حرمتی کی ۔

صیہونی فوجیوں نے بدھ کو غرب اردن کے جنین کیمپ پر یلغار کرکے الجزیرہ کی فلسطینی رپورٹر شیریں ابوعاقلہ کو گولی مار کر شہید کردیا تھا۔ شیریں ابوعاقلہ کو جنین کیمپ پر صیہونی فوجیوں کے حملے کے وقت رپورٹ دیتے ہوئے شہید کیا گیا۔ صیہونی فوجیوں نے شیریں ابوعاقلہ کو براہ راست ان کے سر پر گولی ماری جس کے نتیجے میں وہ شہید ہوگئیں۔

ٹیگس